مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبی حسینی خامنہ ای کے اہم پیغام کو عالمی ذرائع ابلاغ میں وسیع کوریج ملی ہے، جس میں خون شہدا کے انتقام، عوامی عزم اور شہید رہبر انقلاب کے راستے پر ثابت قدم رہنے کے عہد کو نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رہبر انقلاب نے ایران اور عراق میں شہید امام خامنہ ای کی تشییع میں کروڑوں افراد کی شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید رہبر انقلاب اور دونوں جنگوں کے تمام شہدا کے پاک خون کا انتقام لینا قوم کی خواہش ہے اور یہ انتقام ہر صورت پورا ہوگا۔
لبنان کے النشرہ نے اپنے عنوان میں خون شہدا کے انتقام سے متعلق رہبر انقلاب کے بیان کو نمایاں کیا۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو نے سرخی لگائی کہ ایران کے رہبر نے آیت اللہ علی خامنہ ای کے خون کے انتقام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایرانی قوم کا مطالبہ ہے اور اسے ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ رائٹرز، العربیہ، یدیعوت آحارانوت اور آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی آپا نے بھی اپنے عنوانات میں خون شہید کے انتقام سے متعلق رہبر انقلاب کے موقف کو نمایاں جگہ دی۔
یمن کے المسیرہ نے اپنے تجزیے میں تشییع میں عوام کی وسیع شرکت اور شہدا کے خون کے انتقام سے متعلق رہبر انقلاب کے عزم کو اجاگر کیا۔
لبنان کے المنار نے رپورٹ کیا کہ آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای نے شہید رہبر انقلاب سے عہد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاک خون کا انتقام لیا جائے گا کیونکہ یہ عوام کی خواہش ہے اور یہ وعدہ ضرور پورا ہوگا۔
مصری ویب سائٹ مصراوی نے لکھا کہ رہبر انقلاب نے شہدا کے خون کے انتقام کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کی مکمل شناخت موجود ہے۔
القدس العربی نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ سید مجتبی خامنہ ای نے اپنے والد کے خون کے انتقام پر تاکید کی ہے۔
عراق کے کردستان 24 نے رپورٹ کیا کہ رہبر انقلاب نے خطے میں موجود امریکی افواج کو سخت انجام سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اہداف کی فہرست تیار ہے۔
قطری ویب سائٹ عربی 21 نے لکھا کہ اپنے والد کی تشییع کے بعد رہبر انقلاب نے قاتلوں کو خبردار کیا کہ وہ پرسکون موت کی خواہش اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے۔
لبنان کے المیادین نے بھی اپنے تجزیے میں رہبر انقلاب کے اس پیغام کو نمایاں کرتے ہوئے لکھا کہ خون شہدا کا انتقام عوام کا مطالبہ ہے اور یہ وعدہ یقینی طور پر پورا ہوگا، جبکہ شہید رہبر انقلاب کے راستے پر ثابت قدم رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ